ٹیم کا کپتان کوئی بھی ہو پاکستان کیلئے کھیلتے رہیں گے: سرفراز احمد
03 فروری 2019 (13:05) 2019-02-03

کراچی: سرفراز احمد نے کہا کہ کپتانی کیلئے گرین سگنل پہلے بھی تھا، امید ہے آگے بھی ہوگا۔ ٹیم کا کپتان کوئی بھی ہو پاکستان کیلئے کھیلتے رہیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی سخت ضرورت ہے۔ میں نے غلطی کی تھی، اسے تسلیم کرلیا۔ میرے ایک لفظ کو ایشو بنا دیا گیا، وکٹ کے پیچھے بولنا میری عادت ہے اور میری یہ عادت تبدیل نہیں ہوسکتی۔ کوشش کروں گا جو چیزیں ہوچکی ہیں وہ دوبارہ نہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آئی سی سی کے تقاضے پورے کئے۔ میں نے کھلاڑی کی ماں کے حوالے سے غلط بات نہیں کی۔ ماں کے بارے بولنے پر افریقا کے کھلاڑی زیادہ ناراض تھے۔ میں نے یقین دلایا کوئی غلط بات نہیں کی۔ سپورٹ کرنے پر قوم اور پی سی بی کا شکر گزار ہوں۔ 4 دن میرا وہاں رہنا ٹھیک نہ تھا، آرام بھی ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی کی بے جا تنقید پر غصہ نہیں کر رہا۔ قومی ٹیم کی قیادت کیلئے پُر امید ہوں۔ بورڈ کو پتہ ہے انہوں نے میرے معاملے میں کیا کرنا ہے۔ کپتان کا اعلان سیریز ٹو سیریز ہوتا ہے۔ موقع ملا تو ٹیم کو وننگ ٹریک پر لانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ ٹیم میں سارے لڑکے اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے اور ویمن ٹیم اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔ گزشتہ میچ میں ٹیم نے اچھا اسکور کیا تھا۔


ای پیپر