Meeting, important personalities, Shahbaz Sharif, death, mother
03 دسمبر 2020 (13:28) 2020-12-03

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول کی مدت ختم، آخری روز بھی تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔

تفصیلات کے مطابق آخری روز سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی ، مریم نواز ، شاہد خاقان عباسی ، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور محسن داوڑ سمیت اہم شخصیات کی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔ تمام رہنماؤں نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی ، جبکہ شہباز شریف نے تعزیت کے لیے آنے پر سب کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں رانا ثناء اللہ ، احسن اقبال ، مریم اورنگزیب، رانا تنویر حسین ، خواجہ سعد رفیق سمیت متعدد ارکان اسمبلی اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی اور بیگم شمیم اختر مرحومہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ لیگی رہنماؤں نے شہباز شریف کو غیر رسمی گفتگو میں ملکی سیاسی صورتحال پر آگاہ بھی کیا۔

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا مشن ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کریں۔ ہم عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں ، میرے تین بیٹوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا جبکہ حکومتی وزراء کہتے ہیں کہ انہوں نے کارکنان کو آگے کیا اس لئے ہم اپنے بچوں کو آگے لائے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کیساتھ وفد میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امیر فرید احمد پراچہ ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر میاں محمد شہباز شریف نے سراج الحق کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کی اور دعا کروائی۔

یاد رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول کی مدت ختم ہونے کے بعد آج واپس جیل بھیج دیا جائے گا۔


ای پیپر