Government, meals, hotels, cafes, restaurants, Punjab, NCOC
03 دسمبر 2020 (10:12) 2020-12-03

لاہور: ملک میں عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت پنجاب نے ہوٹل، کیفے اور ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عالمی وبا کی دوسری لہر شدت اختیار کر گئی، مزید 39 افراد وبا کا شکار ہو کر جان گنوا بیٹھے، مجموعی طور پر وبا سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 205 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق اب تک ملک بھر میں 4 لاکھ 6 ہزار 810 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ 3 لاکھ 46 ہزار 951 مریض وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے۔

خیال رہے کہ این سی او سی نے 5 دسمبر سے 12 دسمبر تک ہفتہ حفاظتی اقدامات برائے وبا منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں مہلک وبا کے خطرناک وار جاری ہیں، اموات کی تعداد 14 لاکھ 99 ہزار 175 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ عالمی وبا کی ویکسین استعمال کرنے کی اجازت دینے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا جبکہ ویکسین کی فوری منظوری پر یورپی یونین نے برطانیہ پر تنقید کی ہے۔

ادھر امریکا نے قرنطینہ کی مدت 14 روز سے کم کر دی ہے۔ امریکی طبی ادارے کے مطابق مریض 14 کے بجائے 7 سے 10 روز تک قرنطینہ میں رہیں گے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک 6 کروڑ 48 لاکھ 34 ہزار 951 افراد عالمی وبا سے متاثر ، 4 کروڑ 49 لاکھ 34 ہزار 851 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔


ای پیپر