پی ٹی آئی اداروں کیخلاف ’خطرناک کھیل ‘ کھیل رہی ہے :احسن اقبال
03 دسمبر 2019 (16:49) 2019-12-03

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت دفاعی و سلامتی کے اداروں اور دفاعی ادارے کے سربراہ کے خلاف بہت خطرناک کھیل کھیل رہی ہے، پہلے بھی کہا تھا کہ حکومت کی نیت پر شک ہے لیکن آج یہ سچ ثابت ہو گیا،حکومت آئین میں قانون سازی کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے، حکومت صرف اپوزیشن کے ساتھ انتقامی کاروائیوں پر یقین رکھتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ نیب نے شہباز شریف کے خلاف عدالت میں اب تک ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا، دوسری جانب نیب نے حکومت کی ایماءپر انتقامی کاروائی کرتے ہوئے شہباز شریف کی ان جائیداد کو ضبط کیا ہے جو ڈیکلیئرڈ ہیں اور جن کے ذرائع بتائے ہوئے ہیں، حکومت کی جانب سے یہ بدترین انتقامی کاروائی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے اس ایکشن کا مطلب یہ ہے کہ حکومت ملک میں درجہ حرارت بڑھانا چاہتی ہے اور حکومت اپوزیشن کے ساتھ محاذ آرائی کو بڑھانا چاہتی ہے جبکہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ موجودہ حکومت کی نیت پر شک ہے اور یہ حکومت آرمی چیف کے عہدے کے ساتھ کھیل کھیلنا چاہتی ہے، حکومت نے جان بوجھ کر آرمی چیف کے ایکسٹینشن کو سپریم کورٹ میں جگ ہنسائی کا ذریعہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آرمی چیف کے توسیع کے حوالے سے قانون پر سنجیدہ نہیں ہے اور اگر حکومت سنجیدہ ہو گی تو وہ اپوزیشن کے ساتھ معاملات طے کرتی ہوئی نظر آئے گی، معاملہ فہمی اور فراست و تدبر کے ساتھ چلتی ہوئی نظر آئے گی کیونکہ حکومت اپوزیشن کے بغیر تنہا قانون سازی نہیں کر سکتی ہے، حکومت اپوزیشن کی مدد درکار ہو گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کے ٹویٹس اور وزراءکے بیانات سے خدشہ ہے کہ حکومت آرمی چیف کے حوالے سے قانون سازی کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے، حکومت بہت دفاعی اداروں اور دفاعی ادارے کے سربراہ کے ساتھ بہت خطرناک کھیل کھیل رہی ے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کے الزامات لگائے لیکن ایک بھی ہائیکورٹ کے سامنے آ کر سٹینڈ نہیں کر سکے۔


ای پیپر