حکمران دیواریں توڑنے کے تماشے بند،قومی معاملات پر توجہ دیں،حمزہ شہباز
03 دسمبر 2018 (18:33) 2018-12-03

لاہور:پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کٹوں، دیسی مرغیوں اور انڈوں سے ملک چلانے والے گورنر ہاﺅس کی دیواریں ہی توڑ سکتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے وزیراعظم کی جانب سے گورنر ہاﺅس لاہور کی دیواریں گرانے کے حکم پر رد عمل میں کہا کہ حکمران دیواریں توڑنے کے تماشوں میں مصروف ہیں، حکمران تماشے چھوڑ یں، قومی معاملات اور غیریقینی صورتحال پر توجہ دیں، دیواریں گرانے کے بجائے معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی پر توجہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی واقتصادی مسائل گورنر ہاﺅس کی دیواریں توڑ کر ختم نہیں ہوں گے، سو دن میں مہنگائی کے سونامی نے غریبوں کا جینا مشکل کردیا ہے، کٹوں، دیسی مرغیوں اور انڈوں سے ملک چلانے والے گورنر ہاس کی دیواریں ہی توڑ سکتے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی اہلیت پارلیمنٹ، پی ٹی وی اور اب گورنر ہاس کی دیواریں توڑنے ہی کی ہے، گورنر ہاﺅس پنجاب قومی ورثہ اور سیاسی تاریخ و ثقافت کا اہم جزو ہے، دیواریں توڑ کر لوہے کے جنگلے لگانے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاوس کی دیوار توڑنے کا حکم کس ضابطے اور قانون کے تحت دیا گیا ہے؟ عمران صاحب نے قول وفعل سے قوم کو مایوس کیا اور اب ملک کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں، بھینسیں بیچنے، کٹے، دیسی مرغی اوردیواریں گرانے کے تماشوں کے پیچھے آپ اپنی نااہلی نہیں چھپا سکتے۔


ای پیپر