لاہور ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک کی بندش کے لیے درخواست دائر
03 اگست 2019 (13:46) 2019-08-03

لاہور : موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی بندش کے لیے درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا گیا ٹک ٹاک سے بلیک میلنگ اور ہراسگی کا عنصر پروان چڑھ رہا ہے پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی بندش کے لیے درخواست دائر کردی گئی ، درخواست ایڈووکیٹ ندیم سرور کی جانب سے دائر کی گئی۔ ٹک ٹاک ایپ پر پابندی عائد کروانے کیلئے درخواست میں وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مقف اختیار کیا ہے کہ ٹک ٹاک موبائل ایپ نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے۔ ٹک ٹاک سے وقت اور پیسے کا ضیاع ہوتا ہے اور فحاشی عام ہو رہی ہے، ٹک ٹاک سے بلیک میلنگ اور ہراسگی کا عنصر پروان چڑھ رہا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی عدالت پی ٹی اے کو ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے اور نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے وفاقی حکومت کو پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ بنانے کا حکم دے ۔ درخواست میں مزید کہا گیا عدالت پیمرا کو ٹک ٹاک ویڈیو نشر کرنے سے روکے اور کیس کے حتمی فیصلے تک ٹک ٹاک بند کرنے کا حکم دے۔


ای پیپر