ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کر لیا
03 اگست 2018 (18:09) 2018-08-03

اسلام آباد: ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جے آئی ٹی میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کردیا ہے۔ ایف آئی اے کے نوٹس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو 4 اگست کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد طلب کیا گیا ہے اور دونوں شخصیات کو جے آئی ٹی میں بیان ریکارڈ کرانے کا کہا گیا ہے۔


ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کررہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔اس سے قبل 30 جولائی کو فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کے عبوری چالان کو عدالت میں چیلنج کردیا۔ فریال تالپور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر میں کسی قسم کی منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں ہے۔ چالان میں میرا کوئی کردار واضح نہیں اور الزامات سے میراکا کوئی تعلق نہیں۔


ای پیپر