فوٹوبشکریہ فیس بک

چلاس: دیامر میں شرپسند عناصر نے 12 گرلز سکولوں کو آگ لگا دی
03 اگست 2018 (14:55) 2018-08-03

چلاس : چلاس اور دیامر میں شرپسندوں نے 12 گرلز سکولوں میں توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی۔ سکولوں میں بارودی مواد کے دھماکے بھی کیے، جس کے بعد علاقے میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔

چلاس شہر میں واقع گرلز سکول رونئی، گرلز سکول تکیہ میں توڑ پھوڑ اور بارودی مواد کے دھماکے کئے گئے جبکہ ہوڈر اور تھور میں واقع گرلز سکول میں علم دشمن عناصر نے آگ لگا دی۔ دیامر کے تحصیل داریل میں گیال گاؤں میں واقع گرلز سکول، تبوڑ میں واقع دو گرلز سکولوں اور کھنبری میں واقع گرلز سکول کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

دیامر کے تحصیل تانگیر میں جگلوٹ، گلی بالا اور گلی پائین میں واقع گرلز سکولوں کو بھی جلایا گیا۔ سکولوں کو جلانے کے واقعات رات گئے پیش آئے جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کی جانب سے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

 


ای پیپر