امریکا ٗ بھارت کو 24 آبدوز شکن ہیلی کاپٹر دے گا
03 اپریل 2019 (17:49) 2019-04-03

واشنگٹن/نئی دہلی: امریکا نے بھارت کو 24 آبدوز شکن ہیلی کاپٹروں کی فروخت کی منظوری دے دی، ایم ایچ 60 آر ہیلی کاپٹروں کی مالیت تین کھرب 65 کروڑ روپے ہے،امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت اہم دفاعی شراکت دار ہے اس معاہدے سے دفاعی شراکت دار کی سیکورٹی میں بہتری آئے گی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا نے بھارت کو 24 آبدوز شکن ہیلی کاپٹروں کی فروخت کی منظوری دے دی۔ بھارت نے گزشتہ سال ان ہیلی کاپٹروں کی خریدنے کی درخواست کی تھی جس کو امریکا نے منظورکرلیا ہے۔ ایم ایچ 60 آر ہیلی کاپٹروں کی مالیت تین کھرب 65 کروڑ روپے ہے۔امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کا تیارکردہ یہ ہیلی کاپٹر آبدوزوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ بحری جہازوں کو ناک آوٹ کرنے، سرچ اور ریسکیو آپریشنز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ بھارت انھیں برطانوی ساختہ سی کنگ ہیلی کاپٹروں کی جگہ استعمال کرے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مجوزہ فروخت امریکی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی میں مدد دے گی، اس سے امریکا بھارت اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹروں کی فروخت سے دفاعی شراکت دار کی سیکورٹی میں بہتری آئے گی اور بھارت ہمارا اہم دفاعی شراکت دار ہے۔


ای پیپر