یو اے ای میں پاکستانیوں کیلئے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی پابندی عارضی طور پر معطل
03 اپریل 2018 (14:34)


دبئی: متحدہ عرب امارات نے مملکت میں روزگار کے لیے پاکستانیوں سمیت تمام غیرملکیوں پر کیریکٹر سرٹیفیکٹ کی پابندی عارضی طور پر معطل کردی۔


دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ یو اے ای کی وزارت خارجہ امور نے ملازمت کے حصول کے لیے آبائی وطن کی پولیس کا کیریکٹر سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کی شرط عارضی طور پر معطل کردی ہے اور اس حوالے سے پاکستانی مشن کو خط بھی موصول ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ 4 فروری کو یو اے ای کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ مملکت میں آنے والے ہر غیر ملکی کو ملازمت کے حصول کے لیے اپنے آبائی وطن کی پولیس سے اچھے کردار کا سرٹیفکیٹ یا کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ یو اے ای میں پاکستانی سفارتی مشن نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔


اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے اعلیٰ سفارتی عہدے دار رانا ثمر جاوید نے کہا کہ، ’یہ ایک زبردست پیش رفت ہے، ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستانی ورکرز اور پیشہ ور افراد کی متحدہ عرب امارات میں ملازت کے معاملے کو آسان اور ہموار بنانے کے لیے ہم اماراتی حکام کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں‘۔


ای پیپر