فوٹوبشکریہ فیس بک

نادرا کا پختون شہریوں کیلئے خصوصی سینٹر کھولنے کا اعلان
02 ستمبر 2018 (16:20) 2018-09-02

لاہور: نادرا نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پختون شہریوں کے شناختی کارڈ بنانے کے لیے لاہور میں سپیشل سینٹر بنانے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مقیم پختونوں نے گزشتہ روز لاہور میں وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے شناختی کارڈز کے مسائل حل کیے جائیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر آج چیئرمین نادرا عثمان یوسف نے نادرا ہیڈکوارٹر لاہور میں پختون شہریوں اور ان کے نمائندوں سے ملاقات کی اور مسائل سنے۔

پختون شہریوں نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ نادرا حکام شہریوں کو تنگ کرتے ہیں اور حقارت سے دیکھتے ہیں جب کہ ہمیں دفاتر سے نکال دیا جاتا ہے، حالانکہ ہم بھی پاکستان کے وفادار شہری ہیں۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ آج وزیراعظم کی ہدایت پر پختون شہریوں کے مسائل سنے ہیں، مسئلہ یہ بھی ہے کہ افغان باشندوں کے شناختی کارڈز بنانے کے لیے مقامی پختون انہیں اپنا بھائی ظاہر کرتے ہیں، جن پختونوں نے خود کو افغان مہاجر ظاہر کر کے امدادی رقم حاصل کی وہ اب پھر واپس پاکستان آگئے ہیں۔

چیئرمین نادرا نے کہا پختونوں کے شناختی کارڈز بنانے کے لیے اسپیشل سینٹر بنایا جائے گا، ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کے شناختی کارڈز کا مسئلہ ہے، یہ مسئلہ 40 سال سے درپیش ہے، راتوں رات حل نہیں ہوسکتا ہے۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ الیکشن والے روز آر ٹی ایس سسٹم کریش نہیں ہوا تھا، جبکہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے سسٹم تیار کر دیا ہے۔

 

 

 

 


ای پیپر