آذربائیجان آرمینیا جنگ میں پاکستانی فوج کا کردار ،پاکستان کا واضح اعلان  
02 اکتوبر 2020 (16:26) 2020-10-02

اسلام آباد: آذربائیجان ، آرمینیا جنگ میں پاکستان کا کردار کیا ہے ترجمان دفتر خارجہ نے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ   آرمینیا کے خلاف پاکستانی فوج کے لڑنے کی خبریں بے بنیا د ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نگورونو کاراباخ کے خطے میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان میں آرمینیا کے خلاف پاکستانی فوج کے لڑنے کی رپورٹس اور اطلاعات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نگورونو کاراباخ کے خطے میں سکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش ہے، آذربائیجان کی شہری آبادی پر آرمینیائی فوج کی گولہ باری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان نگورونو کاراباخ سے متعلق آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتا ہے، نگورونو کاراباخ پر آذربائیجان کا موقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متفقہ قراردادوں کے مطابق ہے۔ترجمان مزید کہا کہ خطے میں امن وسلامتی کو لاحق خطرات سے بچنے کے لیے آرمینیا کو کارروائی روکنا ہوگی۔


ای پیپر