''سلطان مفرورالدین ارطغرل'' نے ایٹم بم کے بعد کروز میزائل بنانے کا دعویٰ بھی کر دیا، فیاض الحسن چوہان کا نواز شریف پر طنز
02 اکتوبر 2020 (12:20) 2020-10-02

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے لیگی قائد پر طنز کے نشتر چلاتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف عرف '' سلطان مفرور الدین ارطغرل'' نے ایٹم بم کے بعد کروز میزائل بنانے کا دعویٰ بھی کر دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف نے ہتھوڑا، شہباز شریف نے چھینی، بیگم صفدر اعوان نے پیچ کس اور حمزہ نے نٹ بولٹ سے مکینکی کی ہوتی، تو ہم سب انہیں خراج تحسین پیش کرتے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اگر ایٹم بم اور کروز میزائل اتفاق فاؤنڈری میں شریف خاندان کے کروڑوں روپے سے بنتا تو یہ بات ٹھیک ہوتی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں میاں نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگی قائد بغض اور کینہ میں حد سے آگے نکل چکے۔انہوں نے کروز میزائل کی بات کر کے قومی راز افشاں کر دیئے۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف اہم ملکی رازوں سے پردہ اٹھا کر غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ تین دفعہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف نے ملکی رازوں کی حفاظت کا حلف اٹھایا تھا۔

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہریسے، نہاری اور عوام کا مال کھا کھا کر ان کے دماغ پر چربی چڑھی ہوئی ہے۔ شریف خاندان اپنی ذات کے علاوہ کچھ بھی سوچنے سمجھنے سے عاری ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا عدلیہ، افواجِ پاکستان، ریاستی و جمہوری اداروں سمیت کوئی ادارہ شریف خاندان کی دشنام طرازی سے محفوظ نہیں، نواز شریف اپنی کم فہمی کے باعث ہمیشہ پاکستان کے لیے عالمی سطح پر سبکی کا باعث بنے ہیں، پاکستانی عوام شریف خاندان کا ملک دشمن ایجنڈا ٹھکرا چکی ہے۔


ای پیپر