سانحہ چونیاں :مرکزی ملزم 15روزہ جسمانی ریمانڈپر پولیس کے حوالے
02 اکتوبر 2019 (19:06) 2019-10-02

لاہور :پنجاب کے علاقے چونیاں میں 4بچوں کے قتل کے ملزم کو عدالت نے 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔

سماعت کے آغاز پر عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کا چہرہ ڈھانپنے کی کیا ضرورت ہے؟، جس پر بتایا گیا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ملزم کا چہرہ ڈھانپا گیا۔اس پر عدالت نے ملزم سے استفسار کیا کہ کیا نام ہے آپ کا؟ کچھ کہنا چاہتے ہو؟، جس پر ملزم نے جواب دیا کہ مجھے دوران حراست مارا نہ جائے۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو 4 میں سے ایک بچے کے قتل اور جنسی استحصال کے خلاف درج ایف آئی آر پر عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ دیگر 3 بچوں سے متعلق درج مقدمات میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایک ہزار 668 افراد کے ڈی این اے کروائے گئے، ملزم سہیل شہزاد کا ڈی این اے مقتول سے میچ ہوا۔

سماعت کے دوران پرایسکیوٹر نے کہا کہ آر پی او شیخوپورہ، ڈی پی او قصور اور ایس پی انویسٹیگیشن پر مشتمل جے آئی ٹی نے تحقیقات کی ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے ملزم کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے ملزم کے طبی معائنے کا بھی حکم دے دیا۔


ای پیپر