Journalist,Aijaz Hassan Qureshi,died
02 نومبر 2020 (18:14) 2020-11-02

لاہور:پاکستان کے نامور صحافی،تحریک پاکستان کے کارکن ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی کو دو روز قبل  لاہور میں طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی چیئرمین اردو ڈائجسٹ اور کاروان علم فاونڈیشن کے بانی اور ممتاز صحافی الطاف حسن قریشی کے بڑے بھائی تھے۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں کی وجہ سے اردو ڈائجسٹ نے ملک بھر میں اپنی ایک الگ شناخت پیدا کی۔ کئی دہائیوں سے اردو ڈائجسٹ نے اپنی مسلسل اشاعت جاری رکھی اور بدترین حالات میں بھی ورکرز سے محبت کا سلوک رکھا۔ 

صدر ڈاکٹر عارف علوی،وزیراعظم عمران خان،کالم نگار عرفان صدیقی ٗجماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ اور  پاکستان کی سرکردہ سیاسی شخصیات، دانشوروں ، صحافیوں نے  ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی کے انتقال پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا۔ ان کی پوری زندگی قومی مقاصد کے لئے وقف رہی۔ انہیں تحریک پاکستان میں سرگرم کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اردو ڈائجسٹ نے ان کی سرپرستی اور ادارت میں ایک روایت کا درجہ حاصل کیا۔  ان کا انتقال ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ یہ خلا مشکل سے پر ہوگا۔ عرفان صدیقی نے دعا کی کہ اللہ تعالی سب لواحقین کو صبر دے اور ڈاکٹر اعجاز حسن قریشی کو اپنی بے پایاں رحمتوں سے نوازے۔ 


ای پیپر