Photo Credit INP

الیکشن سے قبل عوامی سروے ۔۔۔کس کا پلڑا بھاری
02 مئی 2018 (18:57) 2018-05-02

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے صدر ووزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے آئندہ عام انتخابات کےلئے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کی عوامی مقبولیت کا جائزہ لینے کےلئے ایک معروف کمپنی سے پنجاب کے تمام حلقوں کا سروے کرانے کا عمل شروع کروا دیا ہے، راولپنڈی ڈویژن میں کئے گئے سروے میں قومی اسمبلی کے 2حلقوں این اے 63اور این اے 59کی سروے رپورٹ میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت تحریک انصاف کے مقابلے میں زیادہ ہے جبکہ (ن) لیگ کے سینئر رہنما سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی مقبولیت بھی مخالف امیدواروں کے مقابلے میں کافی مضبوط ہے،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59کے 51فیصد ووٹرز نے پارٹی مقبولیت کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے حق میں جبکہ 26فیصد نے تحریک انصاف کے حق میں رائے دی، حلقہ این اے 63کے 40فیصد ووٹرز نے مسلم لیگ (ن) جبکہ 38فیصد ووٹرز نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا عندیہ دیا ہے.

حلقہ این اے 59کے 98 اور حلقہ این اے 63کے 99فیصد (ن)لیگی ووٹرز نے چوہدری نثار علی خان کو صاحب کردار اور مقبول عوامی نمائندہ قراردیتے ہوئے انہیں ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینیئن اینڈریسرچ (آئی پی او آر) نے رواں سال 12اپریل سے 18اپریل کے درمیان راولپنڈی ڈویژن کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59،حلقہ این اے 63اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی10، حلقہ پی پی 11اور پی پی 14کا سروے کیا، مجموعی سروے کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے 18سال سے زائد عمر کے 1202 ووٹرز سے (ن)لیگ کی کارکردگی اورانکے امیدواروں سے متعلق رائے لی گئی،جو مذکورہ حلقوں کے 120علاقوں سے تعلق رکھتے تھے،ہر علاقے سے 10افراد کی رائے لی گئی جن میں مرد و خواتین شامل ہیں جبکہ مذکورہ تعداد میں پی ٹی آئی کے ووٹرز سے بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ دینے سے متعلق رائے لی گئی۔

سروے رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59کے 51فیصد ووٹرز نے مسلم لیگ (ن)،26فیصد نے تحریک انصاف،03فیصد نے پیپلز پارٹی ،03فیصد نے تحریک لبیک پاکستان ، 01فیصد نے مسلم لیگ (ق)،01فیصد نے جے یو آئی اور 01فیصد نے آزاد امیدواروں کو ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ حلقہ این اے 63کے 40فیصد ووٹرز نے مسلم لیگ (ن) جبکہ 38فیصد ووٹرز نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا عندیہ دیا ہے۔ سروے کے مطابق حلقہ این اے 59کے مسلم لیگ (ن) کے98فیصد ووٹرز نے چوہدری نثار علی خان،01فیصد نے پرویز وقار کو ووٹ دینے کا عندیہ دیاجبکہ 99فیصد (ن)لیگی ووٹرز نے حلقہ این اے 63میںچوہدری نثار علی خان کو ووٹ دینے کا عندیہ دیا حلقہ این اے 59کے تحریک انصاف کے 63فیصد ووٹرز نے کرنل(ر) اجمل شبیر اور 15فیصد پی ٹی آئی ووٹرز نے چوہدری نثار علی خان کو ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔


ای پیپر