Photo Credit Yahoo

سپریم کورٹ کا تمام سرکاری ملازمین کو تین روز میں تنخواہ ادا کرنے کا حکم
02 مئی 2018 (16:33) 2018-05-02

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ملک کے تمام سرکاری ملازمین کو تین روز کے اندر تنخواہ ادا کرنے کے احکامات د یدے،چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم صاحب اور صدر صاحب کو تنخواہیں دے دیں،مجھے اس وقت تنخواہ دیں جب تمام ملازمین کو تنخواہ مل جائے۔ بدھ کوچیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ(پی ڈبلیو ڈی) ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا معصوم لوگوں کو تنخواہیں مل چکی ہیں جس پر سیکرٹری خزانہ نے عدالت کو بتایا کہ 6 لاکھ 56 ہزارافراد کو تنخواہ مل چکی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم صاحب اور صدر صاحب کو تنخواہیں دے دیں اور مجھے اس وقت تنخواہ دیں جب تمام ملازمین کو تنخواہ مل جائے۔عدالت نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام سرکاری ملازمین کو تین دنوں میں تنخواہیں ادا کی جائیں۔

یاد رہے کہ 24 اپریل کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نے کہا تھا کہ جب تک پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل جاتیں وہ اس وقت تک اپنی تنخواہ بھی نہیں لیں گے۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل رجسٹرار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ایڈیشنل رجسٹرار صاحب یہ حکم ہے، میرے اکانٹ میں چیک ڈیپازٹ نہیں کرانا۔


ای پیپر