امید ہے یوسف رضا گیلانی سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہوں گے: حمزہ شہباز

لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں ، مسلم لیگ (ن) سمیت پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں نے ان کیلئے کاوشیں تیز کر دی ہیں ۔ امید ہے یوسف رضا گیلانی سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہوں گے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ سینیٹ میں اوپن بیلٹ کے معاملے میں حکومت کی بوکھلاہٹ صاف ظاہر تھی ، حکومت کو چاہئے تھا وہ تمام جماعتوں کو ساتھ بٹھا کر اس معاملے پر بات کرتی ، حکومت نے کسی بھی سیاسی جماعت سے اس معاملے میں کوئی بات نہیں کی ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہر صوبے سے آواز آرہی ہے ٹکٹیں صحیح طریقے سے تقسیم نہیں کی جا رہیں ، تحریک انصاف کو اس ماحول میں اپنی فکر ہے ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا فون آیا تھا ، انہوں نے رہائی پر مبارکباد دی ، یوسف رضا گیلانی اچھی شہرت کے حامل ہیں اس لیے مسلم لیگ (ن) نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار ملک میں مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی ہے ، آٹا چینی اسکینڈل سب کے سامنے ہے ۔