Senate Elections, meeting, Members, Assembly, Punjab, Prime Minister, Imran Khan
02 مارچ 2021 (13:35) 2021-03-02

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی ملاقات ، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور عبدالحفیظ شیخ بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔ اس موقع پر عبدالحفیظ شیخ نے حکومتی اتحادی ارکان سے ملاقاتوں بارے وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔

ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نمائندوں کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی مسائل حل کریں گے ، انہوں نے کہا کہ پہلی بار پسماندہ علاقوں کو زیادہ ترقیاتی منصوبے دیئے جا رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیح عام آدمی اور پسماندہ علاقے ہیں ۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے ، شفاف انتخابات کیلئے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اراکین سے رابطے ہو رہے ہیں مگر ہم متحد ہیں اور اپوزیشن کے پیسے اور لالچ کے باوجود سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہوں گے ۔

ادھر سینیٹ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کا بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل ہو گیا ہے اور صوبوں کو فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز پہنچا دیئے گئے ہیں ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے بیلٹ پیپرز آج شام کو ریٹرننگ آفیسر کے سپرد کیے جائیں گے ، الیکشن کمیشن حکام 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے ، پولنگ کا سامان بھی 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا دیا جائے گا ۔


ای پیپر