The March 3 Senate election will be held according to the old procedure, the Election Commission said
کیپشن:   فائل فوٹو
02 مارچ 2021 (11:50) 2021-03-02

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اعلان کیا ہے کہ تین مارچ کو ہونے والا سینیٹ انتخاب پرانے طریقہ کار کے مطابق ہو گا۔

تفصیل کے مطابق یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کے زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے صدارتی ریفرنس پر رائے کے حوالے سے غور کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق سینیٹ انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہوتے ہیں۔ وقت کی کمی کے باعث سینیٹ کے 3 مارچ کے انتخابات موجودہ آئین و قانون کے تحت ہی ہوں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی رائے پر مکمل عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ سینیٹ انتخابات میں کرپٹ پریکٹسز کو روکے۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے معاملے پر تین رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی میں سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈی جی آئی ٹی اور سعید گل شامل ہوں گے۔ کمیٹی نادرا، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی اور متعلقہ افراد سے معاونت لے سکتی ہے۔ کمیٹی سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر 4 ہفتے میں اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔


ای پیپر