No one kidnapped me, video statement of PTI member released
کیپشن:   فائل فوٹو
02 مارچ 2021 (09:06) 2021-03-02

کراچی: سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن شہریار شر نے اپنے ویڈیو بیان نے سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں کسی نے اغوا نہیں کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے تین رہنماؤں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

شہریار شر کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم تحریک انصاف کی قیادت سے ناراض ہیں، ہمارے بارے میں اغوا ہونے کی خبریں جھوٹ ہیں، ہمیں کس نے اغوا کرنا ہے۔

پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم اپنی گزارشات وزیراعظم اور گورنر سندھ کو چیخ چیخ کر بیان کرتے رہے لیکن کسی نے ہماری بات نہیں سنی۔ ہمیں فنڈز جاری نہ کرکے ہمیشہ مایوس کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مشاورت کے بغیر گورنر ہاؤس میں سینیٹ کے حوالے سے ٹکٹ تقسیم کئے گئے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے جن شخصیات کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہمارے ان پر شدید تحفظات ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ انھیں کسی صورت ووٹ نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے تین اراکین سندھ اسمبلی کو اغوا کر لیا گیا ہے، ان کا گزشتہ دو روز سے رابطہ منقطع ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمارے اراکین کو کچھ ہوا تو اس کی تمام ذمہ داری آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر عائد ہوگی۔


ای پیپر