ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار جٹ عمران خان کے قافلے میں شامل ہو گئے
02 مارچ 2018 (20:26)

اسلام آباد:گوجرانوالہ سے میاں طارق محمود کے بعدفیصل آباد سے لیگی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار جٹ بھی عمران خان کے قافلے میں شامل ہوگئے ہیں، انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات میں نون لیگ چھوڑنے اور تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ ملاقات میں سینئر مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین بھی ملاقات میں موجود تھے۔

عمران خان نے ڈاکٹر نثار جٹ اور ان کے ساتھیوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل ثابت کرے گا کہ ڈاکٹر نثار جٹ کا مافیا سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ درست ہے۔ ڈاکٹر نثار جٹ مافیا کے خلاف ایک جدوجہد کا حصہ بنے ہیں۔قاتل، قبضہ مافیا اور منی لانڈرنگ کرنے والوں نے سیاست پر قبضہ جما رکھا ہے۔

عوام کے نام پر ذاتی مفادات سمیٹنے کی بدترین رسم پروان چڑھائی جا رہی ہے ۔قوم تبدیلی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ۔عوام میں جانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں ۔ضلع کی سطح تک جاﺅں گا اور عوام کو تبدیلی کیلئے تیار کروں گا۔اگلے مہینے مینار پاکستان پر جلسے سے ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کرینگے۔ ڈاکٹر نثار جٹ نے تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا اور ملاقات کرنے اور پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف کا شکریہ ادا کیا۔


ای پیپر