مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے 4 نام تجویز کردئیے
02 جون 2018 (22:55) 2018-06-02

تحریک انصاف کے بعد ( ن ) لیگ نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے کتنے نام تجویز کردئیے ؟

لاہور: تحریک انصاف کے بعد مسلم لیگ ( ن ) نے بھی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے مجموعی طور پر چار نام تجویز کر دئیے ،محمد شہباز شریف اور میاںمحمود الرشید کے درمیان آج (اتوار )کے روز ملاقات متوقع ہے جس میں آٹھ میں سے کسی ایک نام پر اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی بصورت دیگر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ( ن ) کے قائد محمد نوازشریف کی زیر صدارت پارٹی کااجلاس ہوا جس میں شہبازشریف، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، رانا ثنااللہ اور دیگر پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی، اجلاس میں سیاسی صورتحال اور نگران وزیراعلی سمیت آئندہ عام انتخابات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے چار نام تجویز کئے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بھی مسلم لیگ ( ن ) کے قائد محمد نواز شریف اور دیگر سے مشاورت کے بعد مزید دو نام تجویز کئے ہیں جس کے بعد ( ن ) لیگ کی جانب سے پیش کئے جانیوالے ناموں کی تعداد بھی چار ہو گئی ہے۔

مسلم لیگ ( ن ) کی جانب سے دو سامنے آنے والے نئے ناموں میں سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان اور سابق نیول چیف ذکااللہ کے نام شامل ہیں جبکہ اس سے قبل جسٹس (ر) سائر علی اور سابق آئی جی پولیس طارق سلیم ڈوگر کے نام پیش کئے گئے ۔نجی ٹی وی کے نمائندے سے غیر رسمی گفتگو میں شہبازشریف نے کہا کہ جوم نام سامنے آئے ہیں وہ میڈیا کے ذریعے تحریک انصاف تک پہنچ جائیں گے، ان ناموں پر وہ سوچ بچار کرلیں ہم بھی ان کے ناموں پر سوچ بچار کررہے ہیں، ہوسکتا ہے کہ ایک ہی ملاقات میں نام فائنل ہوجائے۔واضح رہے کہ میاں محمود الرشید کی جانب سے حسن عسکری، یعقوب طاہر اظہار ،اوریا مقبول جان اور ایاز اے میر کے نام دئیے گئے ہیں ۔


ای پیپر