گڈ بائے ’’فرینڈ ز آف خان ‘‘،مسلم لیگ نے رہنمائوں کا بڑا دعویٰ
02 جولائی 2020 (21:43) 2020-07-02

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ ‘’فرینڈز آف خان’’ کی رخصتی قریب، یہ ملکی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، مائنس ون نہیں بلکہ مائنس پی ٹی آئی ہونے والا ہے۔

پارلیمنٹ لاجز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنی انا کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی کر رہے ہیں۔ اپوزیشن نہیں بلکہ حکمران خود کو اپنے کارناموں کی وجہ سے مائنس کر رہے ہیں۔ ہوائی قسم کے حکمرانوں نے تباہی کی، اب ان کے جانے کا وقت آ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکردگی نے ہر ادارے پر سوال کھڑا کر دیا ہے،طیارہ حادثے کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی۔ کیا یہ حکمران پاکستان کے دوست ہیں؟انہوں نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان میں افسران کو سیاسی رشوتیں دی جا رہی ہیں۔ دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے۔ شفاف الیکشن کروائے جائیں، ہم کسی قسم کا تنازع برداشت نہیں کر سکتے۔

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز پیش آ نے والے دلخراش واقعے پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تین سالہ بچے کے سامنے اس کے نانا کو بھارتی فوج نے شہید کیا۔ اس تصویر نے پوری دنیا کو ہلا کے رکھ دیا ہے۔لیگی رہنما نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو ایک سال پورا ہونے کو ہے لیکن ہماری حکومت تقریروں کے علاوہ کچھ نہیں کر سکی۔ کشمیر میں ہر روز ننھے بچوں کے سامنے ان کے والدین کو شہید کیا جا رہا ہے لیکن ہماری حکومت نے ایک سال ضائع کردیا۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ کشمیر کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر وزیراعظم کو امریکی، برطانوی صدور اور تمام سلامتی کونسل کے ارکان کو فون کرکے اس تصویر پر بات کرنی چاہیے تھی۔ کشمیر پر قوم وزیراعظم کا گناہ معاف نہیں کرے گی،اس موقع پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ووٹ ضمیر کی آواز ہوتی ہے۔ اگر کسی نے اپنا ضمیر بیچا تو اللہ کے سامنے جوابدہ ہوگا۔


ای پیپر