حکومت کے ہر طرح کے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا :شہباز شریف
02 جولائی 2019 (17:54) 2019-07-02

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ظالمانہ بجٹ اور اس کے خلاف ہڑتالوں سے توجہ ہٹانے کےلئے رانا ثنا اللہ خان کی گرفتاری کرائی ،رانا ثنا اللہ کی گرفتاری میں عمران نیازی خود مخبر ہے ، اگر اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے غربت اور مہنگائی ختم کر سکتے تو ہم سب جیل جانے کےلئے تیار ہیں ،قوم خدا سے دعا کرے کہ عمران نیازی کو عقل دے ورنہ یہ پاکستان کا کچھ نہیں چھوڑے گا اور ہم ہاتھ ملتے رہ جائیں گے ۔

شہباز شریف نے مز ید کہا کہ میثاق معیشت اور میثاق جمہوریت کسی پارٹی کےلئے نہیں بلکہ 22کروڑ عوام کےلئے ہے ، بطور صدر جہاں میرے جلسوں کا شیڈول بنے گا میں وہاں خطاب کرنے جاﺅں گا، وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے اراکین اسمبلی کے معاملے پر کمیٹی بنے گی اور انہیں نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر رانا ثنا اللہ خان کی گرفتاری کےخلاف بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال، رانا تنویر حسین ، مریم اورنگزیب ، عطاءاللہ تارڑ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اجلاس میں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی شدید مذمت او ران کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور حکومت کے ہر طرح کے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں مہنگائی ، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی اور آئندہ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری زیادتی ، ظلم او رجبر ہے ۔ رانا ثنا اللہ دس سال منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کراتے رہے اور ان کے خلاف باقاعدہ آپریشن کرتے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی بد ترین اوچھے ہتھکنڈوں پر تل گئے ہیں ،رانا ثنا اللہ پر ہیروئن فروشی کاجھوٹا الزام لگایا گیا ہے ۔ بتائیں یہ کس نے مخبری کی کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی میں 15کلو منشیات ہے ، اس کا مخبر خود عمران خان ہے ۔

اندازہ کر لیں کہ پی ٹی آئی اور عمران نیازی پریشانی میں کیسے کیسے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ گیارہ ماہ میں معیشت کو تباہ کر دیا ہے ، متحدہ اپوزیشن نے بجٹ پر بحث کے دوران اسے غریب ، عوام ، کسان ، طالبعلم، مریض دشمن بجٹ قرار دیا ،آج پورے ملک میں اس کے خلاف ہڑتالیں ہو رہی ہیں،کیا عوام کو ہم نے اکسایا ہے ، آج عوام کے لئے ایک وقت کی روٹی کھانا دو بھر ہو گیا ہے ۔ عوام دشمن بجٹ اورہڑتالوں سے توجہ ہٹانے کےلئے رانا ثنا اللہ کے خلاف مذموم کارروائی کی گئی ،عمران نیازی اداروں کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم مہنگائی ، بد حالی کا شکار ہے ، ہم غریب عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہم غریب کی آواز بنیں گے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ایسے ہتھکنڈے دیکھے ہیں ، ہم نے مشرف کے دور کوبھی بھگتا ہے ،ہم جیلوں میں آتے جاتے رہے اور آج پھر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں ، یہ ہمارے لئے پہلا موقع نہیں ہے ۔ اگر آ پ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہماری آواز کو دبایا جا سکتا ہے تو یہ آپ کی بہت بڑی غلط فہمی ہے ، ہمار ے حوصلے پسنت نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جو تین مرتبہ اس ملک کے وزیر اعظم بنے ،جنہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ، سی پیک دیا ، ملک سے اندھیرے ختم کئے آج انہیں معالج سے ملنے نہیں دیا جارہا ، ان کی ادویات اور پرہیز ی کھانا بند کر دیا گیا ہے ہم یہ ظلم سہہ لیں گے۔

عمران نیازی نے ذاتی طو رپر یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ نواز شریف تک ڈاکٹرز کو رسائی نہ دی جائے ،انہیں ادویات او پرہیز ی کھانا نہ دیا جائے ، یہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، ہم اپنا فرض ادا کرینگے اور کسی صورت نہیں جھکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مجھے مجبور کرتے ہیں کہ میں ان کاجواب دوں ۔ میں ذمہ داری سے بلا خوف تردید کہتا ہوں کہ میںپاکستان کی 71سالہ تاریخ میں عمران نیازی جیسا جھوٹا ، دروغ کرنے والا او رغلط بیانی کرنےو والا وزیر اعظم نہیں دیکھا اور میں یہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں ،آپ سیاست میں زہر گھول رہے ہیں ۔آپ کی بہن محترمہ علیمہ صاحبہ پاکستان سے باہر پیسہ لے کر گئیں او رمحلات خریدا ،آپ اپنے گریبان میں جھانکیں ۔ آپ کا اپر چیمبر خالی ہے ۔ ہم پیچھے نہیںہٹیں گے اور عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کےلئے دو شیر جوانوں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو نامزد کردیا ہے اور وہاں ساری تفصیلات طے ہوں گی۔انہوںنے کہا کہ 92ءکا ورلڈ کپ آپ نے نہیں پوری ٹیم نے جیتا تھا لیکن آپ اتنے انا پرست ہیں کہ آپ نے 11آدمیوں کو اس کا کریڈٹ نہیں دیا ،آپ نے اس ملک کو کیا سنوارنا ہے ۔ ہم آپ کے فسطائی ہتھکنڈظں سے ڈر جائیں گے تو یہ آپ کی بھول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کامجھ سمیت ہر شخص پابند ہے ،ہمارے رہبر نواز شریف ہیں اور ہم پارٹی میں مشاورت کرتے ہیں ۔


ای پیپر