رانا ثنااللہ نواز شریف کا شیر ہے: مریم اورنگزیب
02 جولائی 2019 (15:15) 2019-07-02

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ نواز شریف کا شیر ہے آپ کے ہر جھوٹے اور چھوٹے وار کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا،آپ کو مرضی کرلیں سلیکٹڈ وزیراعظم اور علیمہ باجی چور ہے کا نعرہ بند نہیں ہوگا،آپ رانا ثناااللہ کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرنے سے پہلے ان کی سیاسی تاریخ کا مطالعہ کر لیتے، رانا ثناء اللہ سے خوفزدہ ہیں، اسی لئے عمران صاحب کے ذاتی حکم اور ایما پر گرفتاری ہوئی۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب رانا ثنااللہ نواز شریف کا شیر ہے آپ کے ہر جھوٹے اور چھوٹے وار کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا،آپ اتنے نالائق ہیں کہ آپ سے دوسرے پہ الزام بھی عقل سے نہیں لگایا جا سکتا،عمران صاحب آپ کے کل کے جھوٹے اور چھوٹے وار کی وجہ سے پورا پاکستان رانا ثناااللہ کی بے گْناہی کی گواہی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس مرضی کو گرفتار کر لیں، جو مرضی کر لیں، جس مرضی کو بند کر دیں سلیکٹڈ وزیراعظم اور علیمہ باجی چور ہے کا نعرہ بند نہیں ہوگا،آپ کو جب رانا ثنااللہ کے خلاف کوئی کرپشن اور جھوٹے ماڈل ٹاؤن کیس میں کچھ نہیں ملا تو گھٹیا الزام لگانے کو کوشش کی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب رانا ثنااللہ سے اتنا خوف کہ آپ نے اپنے جیسا اتنا گِرا ہوا الزام لگایا ہے،کس کس پہ کیا کیا الزام لگوائیں گے، آپ کو نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ تو 22 کڑوڑ عوام کہہ رہی ہے۔ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جس وقت آپ بے نامی جائیدادیں بنا رہے تھے رانا ثنااللہ مشرف کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے تھے،عمران صاحب آپ رانا ثناااللہ کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرنے سے پہلے ان کی سیاسی تاریخ کا مطالعہ کر لیتے،عمران صاحب رانا ثناء اللہ سے خوفزدہ ہیں، اسی لئے عمران صاحب کے ذاتی حکم اور ایما پر گرفتاری ہوئی۔


ای پیپر