Source : Yahoo

آئندہ الیکشن پاکستان کی تقدیر بدل دے گا، عمران خان
02 جولائی 2018 (22:47) 2018-07-02

سرگودھا:چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 1970 کے بعد قوم کو دوبارہ موقع مل رہا ہے، یہ الیکشن قوم کی تقدیر بدل دے گا،اب آئندہ الیکشن پاکستان کو تبدیل کرسکتا ہے، اگلے پانچ روز میں پارٹی کا منشور پیش کریں گے،یہ الیکشن عام الیکشن نہیں، اس میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا،جن کو ٹکٹ ملی انہیں خوش آمدید کہتا ہوں لیکن جن کو نہیں ملے ان سے معذرت کرتا ہوں، اپنی جانب سے منصفانہ طریقے سے ٹکٹ دیئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سرگودھا میں درگاہ سیال شریف پر حاضری دی اور اس موقع پر انہوں نے سجادہ نشین سیال شریف صاحبزادہ قاسم سیالوی سے عام انتخابات میں حمایت کی اپیل بھی کی۔

پیر کو سیال شریف میں پیر حمید الدین سیالوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں پاکستان میں تباہی ہوئی، گزشتہ دورِ حکومت میں پاکستان کے قرضوں میں اضافہ ہوا، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی کر کے عوام پر بوجھ ڈالا گیا، یہ ظلم کا نظام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات گر گئیں جبکہ ملکی قرضے 27 ہزار ارب تک پہنچ چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ لیکن اب آئندہ الیکشن پاکستان کو تبدیل کرسکتا ہے، جو پارٹی بھی کامیاب ہوئی اسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن جو اصلاحات کرے گا وہی پاکستان کو مسائل سے نکالے گا۔ اگلے پانچ روز میں پارٹی کا منشور پیش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے تین ہفتوں میں مقابلہ ہو گا، کبھی اپنے مخالف کو کمزور مت سمجھیں، یہ الیکشن عام الیکشن نہیں، اس میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جن کو ٹکٹ ملی انہیں خوش آمدید کہتا ہوں لیکن جن کو نہیں ملے ان سے معذرت کرتا ہوں، اپنی طرف سے منصفانہ طریقے سے ٹکٹ دیئے۔


ای پیپر