Source : Yahoo

مسلم لیگ (ن) توڑنے کیلئے پرویز مشرف نے نیب بنائی ،شاہد خاقان عباسی
02 جولائی 2018 (22:28) 2018-07-02

راولپنڈی:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارا وہی بیانیہ ہے جو نواز شریف کا بیانیہ ہے، تمام ادارے آئینی حدود میں رہیں،اس بیانیے میں کیا خرابی ہے، ملک کے سربراہ کی عزت نہیں ہوگی توملک کیسے چلے گا،پاکستان مسلم لیگ ( ن )اخلاقی فتح حاصل کرچکی ہے اور عوام نے اپنا فیصلہ دےدیا ہے۔

پیر کو راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ( ن ) لیگ کو توڑنے کیلئے پرویز مشرف نے نیب بنائی تھی، آج سب سے زیادہ ضرورت ہے کہ انتخابات کو غیر متنازع بنایا جائے، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت انتخابات کوشفاف بنائے۔انہوں نے کہا کہ یہ تماشے ماضی میں دیکھ چکے ہیں، یہ معاملات نہیں چلتے، نوجوانوں کو روزگار الزامات سے نہیں معیشت مضبوط ہونے سے ملے گا، ملک کی معیشت صرف ( ن ) لیگ مضبوط کرسکتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فیصلے کا اختیارصرف عوام کو حاصل ہے، پیپلزپارٹی نے 5سال میں کچھ نہیں کیا، عمران خان نے 2013 میں کہا کہ نیا پاکستان دیں گے لیکن عوام نے انہیں مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی، ( ن ) لیگ اور دیگرجماعتوں کے لوگ اپنا ضمیر بیچ کر پی ٹی آئی میں چلے گئے، وفاداریاں بدلنے والے لوگ انتخابات میں کامیاب نہیں ہوں گے، یہ الیکشن ہے سرکس نہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ محترمہ بے نظیر کی شہادت پر ہمدردی کا ووٹ پیپلز پارٹی کوملا، محترمہ کی شہادت کے بعد ہمیں زرداری ملا اور پاکستان کو تباہ کردیا۔


ای پیپر