زندہ شیر کو انتخابی مہم میں استعمال کرنے کا معاملہ عدالت پہنچ گیا
02 جولائی 2018 (21:15) 2018-07-02

لاہور : (ن) لیگی امیدواروں اور مریم نواز کی انتخابی مہم میں زندہ شیرکی نمائش اور ضابطہ اخلاق کی ورزی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر ،امیدواروں کی جانب سے زندہ جانوروں کی نمائش انتخابی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ درخواست منیر احمد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔


درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز اور دیگر (ن) لیگی امیدواروں کی انتخابی مہم میں زندہ شیر کی نمائش انتخابی ضابہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران شیر ، چیتوں ، جنگلی بلیوں ، زندہ جانوروں اور پرندوں کی نمائش روکنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد سے متعلق محکمہ وائلڈ لائف سے کارکردگی رپورٹ طلب کی جائے۔


درخواست میں کہا گیاکہ جنگلی جانوروں کو قدرتی ماحول فراہم کرنے کی بجائے انتخابی مہم کا حصہ بنانا جانوروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے،درخواست میں کہا گیا کہ جانوروں کے تحفظ کے لئیالیکشن کمیشن کی جانب سے تعینات ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اوروائلڈ لائف کمیشن نے بھی جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی نہ بنانے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جائے۔


ای پیپر