نواز شریف کے پیادے چھ ماہ سے میرے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہے ہیں: چودھری نثار
02 جولائی 2018 (16:31) 2018-07-02


راولپنڈی :سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کو اگر میرے عدلیہ اور فوج سے محاذ آرائی نہ کرنے کے بیان سے دکھ ہوا ہے تو یہی بات انکے بھائی شہباز شریف اور پارٹی کے سینئر ارکان بھی کہہ رہے ہیں ، نواز شریف کے پیادے گزشتہ6ماہ سے جاتی عمرہ میں رہتے ہوئے میرے بارے میں لغو، بے بنیاد، جھوٹا اور تضحیک آمیز پراپیگنڈہ کر رہے ہیں ، نواز شریف کواپنے دکھ کا فوری احساس ہو جاتا ہے لیکن جو دکھ وہ اوروں کو پہنچاتے ہیں اسکا انہیں احساس نہیں ہوتا۔


سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بیان پر چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میاں نواز شریف قوم کو یہ تو بتائیں کہ ان کو میرے کون سے بیان پر دکھ ہوا۔ انہیں اپنے دکھ کا تو فوری احساس ہو جاتا ہے لیکن جو دکھ وہ اوروں کو پہنچاتے ہیں اسکا انہیں احساس نہیں ہوتا۔اگر میرے اس بیان سے انکو دکھ ہوا ہے کہ عدلیہ اور فوج سے محاذ آرائی نہ کی جائے تو یہی بات انکے بھائی میاں شہباز شریف بھی کہتے ہیں اور اب بھی کہہ رہے ہیں ۔ پارٹی کے سینئر ارکان بھی یہی کہتے ہیں ۔ اس سے تو ان کو دکھ نہیں ہوا۔


انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو اس بات سے دکھ کیوں نہیں پہنچا کہ پچھلے چھ مہینوں سے انکے پیادے جو کہ جاتی عمرہ میں رہتے ہیں اور کھاتے پیتے ہیں وہ میرے بارے میں لغو، بے بنیاد، جھوٹا اور تضحیک آمیز پراپیگنڈہ کرتے رہے ہیں ۔ لگتا یوں ہے کہ میاں صاحب کو اس بات کاقطعا احساس نہیں کہ ان کی بہت سی باتوں سے شاید کسی اور کو دکھ پہنچا ہو۔


ای پیپر