قتل کرنے اور کروانے والے آزاد گھوم رہے ہیں:طاہر القادری
02 جنوری 2020 (18:11) 2020-01-02

لاہور:قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹائون کے اسیر محمد سلطان کو ہسپتال میں ہتھکڑیوں سے بیڈ کے ساتھ باندھے جانے پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ میں عمران خان کو مبارکباد دیتا ہوں کہ ان کے نئے پاکستان میں قانون سب کیلئے برابر ہوگیا ہے ۔ایک طرف سزا یافتہ مجرم بیرون ملک جانے کیلئے آزاد ہیں اور دوسری طرف سانحہ ماڈل ٹائون کے بے گناہوں کو جنھیں پولیس نے جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں ملوث کیا تھاانہیں سزائیں سنا دی گئیں اور ان کا آپریشن اور علاج بھی ہتھکڑیوں کے ساتھ نشتر ہسپتال میں ہو رہا ہے، سانحہ ماڈل ٹائون کے اسیران کے ساتھ اس غیر انسانی سلوک پر دلی افسوس ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کا ایک گواہ دوران ٹرائل اور ایک اسیر جیل میں گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہو کر وفات پا چکا ہے ۔ان کے علاج کے لیے ضمانت کی اپیل موت کے دن تک زیر سماعت نہیں آ سکی تھی، یہ نیا پاکستان ہے جہاں قانون سب کیلئے برابر ہے؟ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ محمد سلطان کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ ہر اعتبار سے شرمناک ہے، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے قتل عام کے خلاف احتجاج کرنے پر جن 107 کارکنوں کو سزائیں سنائی گئیں ان میں محمد سلطان بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 5 سال گزر جانے باوجود 14 بے گناہوں کے کسی ایک قاتل کو سزا نہیں ملی اور کیس انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں چل رہا ہے جبکہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ظلم کے خلاف احتجاج کرنے والے 107 کارکنوں کو 7 سال اور 5 سال کی سزائیں سنا دی گئیں، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بدلی مگر شہدائے ماڈل کے ورثاءاور بے گناہ اسیران کے لیے انصاف کے حوالے سے کچھ نہیں بدلا۔


ای پیپر