UN Security Council, emergency meeting, Myanmar military coup, Aung San Suu Kyi
02 فروری 2021 (15:07) 2021-02-02

نیویارک: میانمار میں ہونے والی فوجی بغاوت پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں عالمی برادری میانمار میں فوجی بغاوت پر اپنے رد عمل کے اظہار کے ساتھ ساتھ ممکنہ اقدامات کا اعلان بھی کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فوج نے اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد ملک میں نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔ تازہ ترین بیان میں فوجی حکام نے کہا کہ انتخابات میں فاتح سیاسی جماعت کو ایک سال کی ایمرجنسی کے بعد اقتدار منتقل ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز میانمار میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کرکے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم ڈھانے والی رہنما آنگ سان سوچی ، صدر اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار کرلیا تھا۔

سرکاری ٹی وی سے نشر ہونے والے فوجی سربراہ کے بیان میں کہا گیا کہ کمانڈر ان چیف میانمار من آنگ ہلاینگ کو اختیارات سونپ دیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ میانمار میں ایک سال تک ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، فوجی حکام کی جانب سے اہم شہروں میں ٹیلیفون اور انٹرنیٹ سروس منقطع کر دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ میانمار میں متنازع انتخابی نتائج کے بعد فوج اور سول حکومت میں سخت کشیدگی تھی ، میانمار کی فوج نے نومبر میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کو جعلی قرار دیا تھا۔ اس کے علاوہ فوج نے حکومت سے پیر کو ہونے والا پارلیمنٹ کا اجلاس ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رکھا تھا۔


ای پیپر