Vaccine, storage arrangements, Pakistan, pandemic, NCOC
02 فروری 2021 (09:11) 2021-02-02

لاہور: عالمی وبا پر قابو پانے کے لیے ملک بھر کے سات شہروں میں ویکسین کی سٹوریج کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی ویکسین سٹوریج سنٹرز پر تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے گا، پنجاب کی ویکسین لاہور اور راولپنڈی میں سٹور کی جائے گی ، سٹوریج سنٹرز سے حسب ضرورت ویکسین دیگر شہروں کو بھجوائی جائے گی۔ جبکہ سندھ حکومت نے اپنے طور پر ویکسین خریدنے کے لیے وفاقی حکومت سے اجازت مانگ لی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ عالمی وبا کی ویکسین کیلئے امیر اور غریب کو نہیں دیکھا جائے گا۔ عوام کے ساتھ سوال و جواب سیشن میں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی وبا کی ویکیسین پاکستان پہنچ چکی ہے اور ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز کو لگائی جائے گی اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکیسین لگائی جائے گی اور کوشش کریں گے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین دیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کے وار جاری ہیں جس کے باعث مزید 63 مریض دم توڑ گئے ہیں ، اموات کی تعداد 11 ہزار ، 746 ہو گئی ۔ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک ہزار 220 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 5 لاکھ ، 47 ہزار ، 648 تک پہنچ گئی جبکہ 5 لاکھ ، 2 ہزار ، 537 مریض وبا کو شکست دیکر صحت یاب ہو گئے ۔ پاکستان میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار ، 365 ہے۔


ای پیپر