کشمیر کاز پر تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے : آصف زرداری
02 فروری 2019 (16:04) 2019-02-02

اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کاز پر تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا، کشمیر ہم سے اور ہم کشمیر سے جدا نہیں ہو سکتے، آمروں نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ہے کشمیر کے ہر گھر میں شہیدوں کی فہرستیں ہوں گی، انشاء اللہ اپنی زندگی میں کشمیر کو آزاد دیکھوں گا۔

کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے 70کی دہائی میں کشمیر کی بات کی، بے نظیر بھٹو نے راجیو گاندھی سے کشمیر کے مسئلے پر بات کی، اس وقت پاکستان میں آمر کی حکومت تھی، بھارت کے ساتھ جتنی بھی کشیدگی پھیلی وہ آمروں کے دور میں لگی ہے، آمروں نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا، کشمیر کے ہر گھر میں شہیدوں کی فہرست ہو گی، ان کی قربانیاں کوئی نہیں بھلا سکتا، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی صدارت کے دوران مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھایا، پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی کشمیر پر ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، کشمیر ہم سے اور ہم کشمیر سے جدا نہیں ہو سکتے، ہم کشمیر کو کبھی نہیں بھول سکتے، مودی کو سمجھنا ہو گا کہ کشمیر پر پاکستان کا موقف تبدیل نہیں ہو گا،جتنی بھی مخالفت ہو سیاسی جماعتیں کشمیر کے مسئلے پر ایک ہیں، انشاء اللہ کشمیر کو اپنی زندگی میں آزاد دیکھوں گا۔

اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے ازرہ مذاق کہا کہ آج کل آپ کی مشکلات زیادہ ہیں، ہم آپ کو اس میں مدد کرنے کو تیار ہیں، آپ ہمارے ساتھ اس حکومت کو گرانے میں کندھا لگائیں ہم آپ کے ساتھ کندھا لگائیں گے۔


ای پیپر