Shahbaz Gil,Ishaq Dar,Nawaz Sharif,PMLN,Pakistan
02 دسمبر 2020 (20:12) 2020-12-02

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے اسحا ق ڈا رکے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص کلرک نہیںبن سکتا تھا اسے پاکستان کا وزیر خزانہ بنا دیا ،نواز شریف کو جرائم کے طریقے بتانے والا کوئی اور نہیں اسحاق ڈار ہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دینے کے بعد سے سابق وزیر خزانہ اسحا ق ڈار پاکستانی میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں ،انٹرویومیں  اسحاق ڈار کی بوکھلاہٹ اور عجیب و غریب جوابات پر خوب بحث و مباحثہ ہو رہا ہے ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے بھی انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا اسحاق ڈار پاکستان میں تمام جرائم کی دائی ہیں۔

انہوں نے کہا یہ لوگ صرف باہربیٹھ کر قومی اداروں کیخلاف بول سکتے ہیں،شہباز گل نے کہا انٹرویو میں 2018 کا الیکشن چوری ہونے کی بات کی گئی،  جب اینکر نے پوچھا  آپ نے پیٹیشن کیوں فائل نہیں کی،  تو اسحاق ڈارکی آنکھوں سے شرمندگی جھلکنے لگی،شہبا زگل نے انکشاف کیا کہ اسحاق ڈار نے خود انٹرویو نہیں دیا بلکہ انہیں قربانی کا بکرا بنا یا گیا ہے ۔

ا س سے قبل مشیر داخلہ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار بُری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں،شہزاد اکبر نے پریس بریفنگ میں اسحاق ڈار کی ملک اور بیرون ملک میں موجود جائیدادوں کا پول کھول دیا ،انہوں نے کہا اسحا ق ڈار حدیبیہ پیپر کیس میں 164 کا اقبالی بیان دے چکے ہیں ۔

واضح رہے گزشتہ روز برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ ان کی پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں ،پاکستان میں ایک پراپرٹی ہے وہ بھی حکومت نے چھین لی۔

اپنے انٹرویو میں اسحا ق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی ایک ادارہ نہیں کچھ افراد جمہوری عمل کو کمزور کر رہے ہیں ،انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا یہی لوگ پاکستان میں مارشل لا نافذکرتے ہیں ۔نواز شریف کے بیانئے سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار نے کہایہ صرف وہ نہیں کہہ رہے، عالمی رپورٹس میں بھی اس کا تذکرہ ہے، عالمی جمہوری قوتوں کونواز شریف کا ساتھ دینا چاہئے،

نیب سے متعلق سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا اسے سیاسی مخالفین سے انتقام کیلئے استعمال کیا جارہا ہے جس کا اظہار وہ پاکستان میں رہتے ہوئے  بھی  کرچکے ہیں۔

خاندانی اثاثوں اور جائیداد سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار نےکہا ان کی پاکستان میں ایک پراپرٹی ہے، جو حکومت ان سے چھین چکی بچوں کے نام پر ایک ولا ہے جو انہوں نے 17 سالہ کاروباری زندگی سے بنا یا ہے ۔

قبل از وقت انتخابات سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار نے کہا ،  عمران خان کی حکومت اپنی ساکھ کھو چکی،سب کو معلوم ہے کہ الیکشن چُرایا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اسحاق ڈار کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا اسحاق ڈار کا انٹرویو جھوٹ کا پلندہ ہے ،گفتگو میں شکل دیکھنے والی تھی، ایسا لگ رہا تھا دل کا مسئلہ نہیں بھی ہے تو ہارٹ اٹیک آ جانا ہے۔

نوازشریف اور آصف زرداری پر اللہ کا عذاب آیا ہوا ہے ،یہ جھوٹ بول کر کبھی لندن اور کبھی دبئی جاتے ہیں ،حرام کا پیسہ اللہ کی لعنت ہے،یہ اور ان کی اولادیں اپنی چوری کا پیسہ بچانے کیلئے جھوٹ بول رہے ہیں،لوگ کرونا سے مر رہے ہیں اپوزیشن جلسے کررہی ہے۔


ای پیپر