Chaudhry Nisar's meeting with Shahbaz Sharif
02 دسمبر 2020 (16:30) 2020-12-02

لاہور :مسلم لیگ ن کے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جاتی امرا انٹری نے مریم نواز کو پریشان کر دیا ،مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز چوہدری نثار کی شہباز شریف سے ملاقات پر آگ بگولہ ہو گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چوہدری نثار جاتی عمرا میں میاں شہباز شریف  سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرنے کیلئے پہنچے ،جہاں ذرا ئع کے مطابق کئی دوسرے اہم معاملات پر بھی بات چیت ہوئی ،مریم نواز کو چوہدری نثار کی جاتی امرا آمد سے متعلق خبر ملتان جلسے میں دی گئی ،جس پر مریم نواز غصے میں آگئیں اور اپنے والد میاں نواز شریف کو لندن فون کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا ۔مریم نواز کے احتجاج پر نواز شریف نے انہیں فی الوقت خاموش رہنے کی تلقین کی ۔

مریم نواز نے میاں نواز شریف سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اس وقت کہاں تھے جب مسلم لیگ ن انہتائی مشکلات میں تھی ،ہماری والدہ کے انتقال پر تو یہ لو گ نظر نہیں آئے ،مریم نواز نے نواز شریف سے مزید کہا کہ آج ایک لمبے عرصے بعد ہمارے زخموں پر نمک چھڑکنے پہنچ گئے ہیں ،یہ لوگ افسوس کے نا م پر مذاق اُڑا رہے ہیں ۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ چوہدری نثار جاتی امرا اس وقت پہنچے جب مریم نواز ملتان جلسے کیلئے نکل چکی تھیں ،سوال اب یہ اُٹھائے جا رہے ہیں کہ کیا چوہدری نثار کی ملاقات کا وقت منصوبہ بندی کیساتھ طے کیا گیا تھا یا پھر اتفاق تھا کہ مریم نواز جاتی امرا سے نکل چکی تھیں او ر اس کے بعد چوہدری نثار نے انٹری دی ،آنے والے وقت میں اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا چوہدری نثار اور مسلم لیگ ن درمیان سردی کے اس موسم میں برف پگھلے گی یا نہیں ؟


ای پیپر