Shahbaz Sharif, release, Hamza Shahbaz, parole, CM Punjab
02 دسمبر 2020 (11:13) 2020-12-02

لاہور: بزدار حکومت نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پیرول پر رہائی کی درخواست ن لیگ کی جانب سے کی گئی تھی۔ توسیع ملنے کے بعد دونوں رہنماؤں کو آج دوبارہ کوٹ لکھپت جیل نہیں بھیجا جائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف سے اُن کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ صدر آزاد کشمیر مسعوس خان، سردار اختر مینگل ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، لارڈ نذیر احمد اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور ارکان اسمبلی نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔

اس کے علاوہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ٹیلی فون پر رابطہ ، بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کی۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے عطا تارڑ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست محکمہ داخلہ میں جمع کرائی تھی۔

عطا تارڑ نے درخواست میں کہا کہ بہت سارے لوگ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے افسوس کے لیے آنا چاہتے ہیں۔ لیکن محکمہ داخلہ پنجاب نے درخواست مسترد کر دی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں قرآن خوانی ہوگی، پارٹی کارکنان اپنے علاقوں ، ڈویژن اور گھروں میں دعا کریں گے۔

واضح رہے کہ بیگم شمیم اختر کافی عرصے سے بیمار تھیں اور لندن میں اُن کا اعلان چل رہا تھا۔ لیکن گزشتہ مہینے اُن کا انتقال ہو گیا تھا۔ انتقال کے وقت سابق وزیر اعظم نواز شریف ہسپتال میں ہی موجود تھے۔

خیال رہے کہ بیگم شمیم اختر کی تدفین جاتی امرا میں ہوئی لیکن نواز شریف پاکستان نہ آسکے کیونکہ ڈاکٹروں نے انہیں سفر کرنے سے روک دیا تھا۔


ای پیپر