Lahore jalsa, biggest, Khawaja Saad Rafique, PDM, PTI government
02 دسمبر 2020 (10:29) 2020-12-02

لاہور : رکن قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ سب سے بڑا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اتنے بڑے جلسے کو روک نہیں سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ٹویٹ میں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور کا جلسہ پی ڈی ایم کے باقی جلسوں سے بڑا ہو گا ، انہوں نے مزید کہا کہ اتنے بڑے جلسے کو روکنے والے خود ہی رک جائیں گے۔ حکومت کو ڈنڈے اٹھانے اور گرفتاریاں کرنے سے بھی کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور کا جلسہ ووٹ چور حکومت کے خلاف عوام کے فیصلہ کن ردعمل کا آغاز ہوگا۔ پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف فیصلہ کن مرحلے کی تیاریاں شروع کر دیں، حکومت کی طرف سے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔

ترجمان مسلم لیگ نون کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی مقامی قیادت کا اہم اجلاس آج گیارہ بجے ہوگا۔ اجلاس لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن میں ہوگا۔

اجلاس میں جے یو آئی (ف) کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں پی پی پی کے حاجی عزیز الرحمن چن، جے یو آئی (ف) کے ڈاکٹر عتیق، اے این پی کے امیر بہادر ہوتی، نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر کبیر بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی صوبائی اور مقامی قیادت شریکِ ہوگی۔ اجلاس میں 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے سے متعلق مشاورت ہوگی ۔ اجلاس میں 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے ممکنہ رکاوٹوں اور ان کے مقابلے کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔


ای پیپر