Whitewash, South Africa, England, first position, T20 cricket
02 دسمبر 2020 (10:02) 2020-12-02

لندن : انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو وائٹ واش کر دیا ، سیریز میں تین صفر سے کامیابی نے انگلینڈ کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نمبر ون پوزیشن دلادی۔

تفصیلات کے مطابق کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے 191 رنز اسکور کیے ، وان ڈرڈوسن نے 74 اور ڈوپلیسی نے 52 رنز بنائے، جواب میں انگلش ٹیم صرف ایک وکٹ گنوا کر اٹھارویں اوور میں ہدف تک پہنچ گئی۔

مالان 99 اور بٹلر 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، دونوں نے 167 رنز جوڑ کر دوسری وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، مالان مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار پائے۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کی میزبانی یو اے ای کو ملنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں عالمی وبا کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد میگا ایونٹ کے لیے خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے کھیل کی کارروائیاں بہت متاثر ہوئی تھیں اس لیے کرکٹ سمیت تمام کھیلوں میں ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے۔

بابر اعظم سے متعلق بات کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ بابر کو طویل عرصے کے لیے کپتان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ذہنی طور پر بہت مضبوط ہیں، وسیم خان نے انکشاف کیا کہ وہ خود بھی تینوں فارمیٹ کی ذمہ داری لینا چاہتے تھے۔


ای پیپر