حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
02 دسمبر 2020 (00:44) 2020-12-02

کچھی: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ جام کمال نے ضلع کچھی کے تفریحی مقام پیرغائب پارک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  صوبے میں قدرتی حسین اوردلفریب مقامات کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنائیں گے۔ ایف سی بلوچستان قیام امن سمیت سماجی سرگرمیوں میں حکومت کے شانہ بشانہ ہے۔ پیر غائب کے قدرتی حسین مناظر سحر انگیز ہیں جس کی تزئین و آرائش اور ڈویلپمنٹ میں ایف سی بلوچستان نارتھ کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کے چھ جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پیر غائب پارک کی بحالی کے تسلسل کو برقرار رکھا جو قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت  صوبے میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی و ترویج کے لیے سنجیدہ بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پیر غائب پارک کی بحالی اس کی ایک کڑی ہے اور اس تسلسل کو صوبے کے دیگر اہم تفریحی مقامات میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ صوبے کے قدرتی حسین اور پر کشش مقامات نہ صرف سیاحو ں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں بلکہ یہ قدرتی دلفریب حسین مناظر آنے والے سیاحوں پر سحر طاری کردیتے ہیں جن کی بحالی ترقی و ترویج صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کا شعبہ تفریح کے علاوہ صوبے میں معاشی اعتبار سے بھی معاون ثابت ہوگا اور یہاں کے مقامی لوگوں کو بہتر انداز میں روزگار بھی میسر آئے گا۔ وزیراعلی نے پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ 


ای پیپر