بدعنوانی اورمنی لانڈرنگ کا مقابلہ کرنا حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، عمران خان
02 دسمبر 2019 (22:23) 2019-12-02

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ و دیگر جرائم کا مقابلہ کرنا پی ٹی آئی کے حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، ملک کی خدمت کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائینگے، ترقی پانیوالے افسران اپنی ذمہ داریاں جہاد، قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدعنوانی، سائبر کرائم، معاشی جرم، امیگریشن سے متعلق جرائم ، منی لانڈرنگ اور و دیگر جرائم کا مقابلہ کرنا پی ٹی آئی کے حکومتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے، ملک کی خدمت کےلئے اپنی تما م کوششیں بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم سے حال ہی ترقی پانے والے وفاقی سیکرٹریز نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے ترقی پانے والے افسران اپنی نئی ذمہ داریاں نہایت فرض شناسی اور ملک و قوم کی خدمت کے بھرپورجذبے کے تحت ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 60 کی دہائی میں گورننس کے لحاظ سے مثالی سمجھا جانے والا ہمارا ملک آج خطے میں دوسرے ممالک سے قدرے پیچھے رہ گیا جس کی مختلف وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کی تعمیر و ترقی کےلئے جہاں سیاسی قیادت نے وژن دینا ہے وہاں بیورو کریسی نے اس وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے، سیاسی قیادت اور بیوروکریسی نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے، اس کےلئے نئی سوچ اور بہتر طرز حکومت (گڈگورننس) کی ضرورت ہے، ترقی پانےوالے افسران اپنی ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بیرون ملک پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی گورننس کے مسائل کی وجہ سے حوصلہ شکنی ہوئی لیکن ہمیں اس ماحول کو بہتر کرنا ہے، حکومت کی کوششوں سے ملک میں معاشی استحکام ہے، گزشتہ 15 ماہ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ہر شعبے میں دلچسپی کا اظہار اور ملکی معیشت و پالیسیوں پر اعتماد کیا ہے، بین الاقوامی ادارے بھی ملکی معیشت میں آنےوالی بہتری کے معترف ہیں، اس استحکام کو مزید تقویت دینے کےلئے ضروری ہے کہ بیوروکریسی طرز حکومت اور عوام کی فلاح و بہبود کے ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔


ای پیپر