کورونا کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے :عالمی ادارہ صحت
02 اگست 2020 (21:51) 2020-08-02

جنیوا : عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وَبا کا دورانیہطویل‘ ہوسکتا ہے۔

عالمی ادارے نے یہ  انتباہ اس مہلک وائرس کے بارے میں دنیا کو پہلی مرتبہ خبردار کرنے کے چھے ماہ بعد جاری کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی ہنگامی کمیٹی کا جنیوا میں جمعہ کو اجلاس ہوا تھا اور اس میں کووِڈ-19 کے دورانیے کے ممکنہ طور پر طول پکڑنے اور اس تدارک کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا تھا۔ چین کے شہر ووہان میں گذشتہ سال دسمبر میں اس نئے وائرس کے پھیلنے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں 680014 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ہلاکتوں کی یہ تعداد دنیا کی حکومتوں کے فراہم کردہ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق ہفتے کے روز تک دنیا کے 196 ممالک اور علاقوں میں کرونا وائرس کے 17638510 کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ان میں سے 10156500 کیسز کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ صحت یاب ہوچکے ہیں۔امریکا میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات 1442 ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس کے بعد برازیل میں 1212 اور بھارت میں ایک دن میں 764 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

کورونا وائرس کی وَبا سے اب تک امریکا ہی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور وہاں 4562170 کیسوں کی تشخیص ہوچکی ہے،ان میں 153314 مریض ہلاک ہوئے ہیں جبکہ کم سے کم 1438160 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔


ای پیپر