انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک مرتبہ پھر توسیع
02 اگست 2019 (23:37) 2019-08-02

اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک مرتبہ پھر توسیع کردی۔اس حوالے سے ایف بی آر کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس سال 2018 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کی گئی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ افراد/اے او پیز اور کمپنیز جمعہ 9 اگست تک ٹیکس سال 2018 کے لیے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرواسکتے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 اگست مقرر کی گئی تھی، جس میں آج توسیع کردی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یکم جولائی کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114(1)( بی (3) سے (4) کی شرائط کے مطابق 250 اور 500 مربع گز یا اس سے زائد کی غیرمنقولہ جائیداد رکھنے والوں کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانا لازمی تھا۔اسی طرح 2 ہزار اسکوائر فٹ یا اس سے زائد کا فلیٹ رکھنے والوں کو بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں اس نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایک ہزار سی سی سے بڑے انجن کی گاڑی رکھنے والے کو بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانا ضروری ہوں گے۔


ای پیپر