فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

شہباز شریف کا ضمیر فروشی کرنیوالے ارکان کیخلاف کارروائی کا اعلان
02 اگست 2019 (15:32) 2019-08-02

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی سینیٹرز کا اہم اجلاس ہوا جس میں (ن) لیگ کے ارکان سینیٹ نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی وجوہات پر غور کیا گیا جب کہ شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر ارکان سے تشویش کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے پارٹی لائن سے انحراف کرنے والے سینیٹرز پر سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14 سینیٹرز نے ضمیر فروشی کی اور تحریک کو ناکام بنایا جبکہ تمام اپوزیشن مل کر اس معاملے پر لائحہ عمل تیار کرے گی۔ اپوزیشن کے کچھ سینیٹرز نے حکومت کے ساتھ مل کر سینیٹ اور اپنا وقار تباہ کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ضمیر فروشی کرنے والے ارکان کو تلاش کریں گے اور کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔


ای پیپر