جو شخص عمران سے نہ ملے وہ چور بن جاتا ہے : امیر مقام
02 اگست 2018 (21:21) 2018-08-02

پشاور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام نے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے مجھے کوئی سوالنامہ دیا گیا ،خیبرپختونخوا میں 28 لاکھ ووٹ لینے والے پی ٹی آئی کی پرفارمنس کیا ہے ؟، جو شخص عمران خان سے نہ ملے وہ چور اور جو مل جائے وہ دودھ سے دھلا ہوتا ہے ، امید ہے نیب خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی بھی تحقیقات کرے گی جسے رکشہ کی طرح استعمال کیا گیا۔


پشاور میں نیب ہیڈ کوارٹر میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں امیر مقام نے کہا کہ نیب کی جانب سے انہیں سوالنامہ دیا گیا ہے ، تعمیراتی شعبے سے وابستہ ہوں، نیب کو تمام تعمیراتی منصوبوں کی تفصیلات دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 28 لاکھ ووٹ لینے والے پی ٹی آئی کی پرفارمنس کیا ہے ؟ جتنے تعمیراتی منصوبے بنائے ان میں نقائص ہیں۔ امیر مقام نے مزید کہا کہ صوبے میں ایک میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی گئی۔


ان کا کہناتھا کہ میرا کاروبار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، جو شخص عمران خان سے نہ ملے وہ چور اور جو مل جائے وہ دودھ سے دھلا ہوتا ہے ۔ امیر مقام کے مطابق وہ پی کے فور میں صرف 47 ووٹوں سے ہارے، پی کے 4 میں چار تھیلے غائب ہیں پتہ نہیں انہیں دریائے سوات میں پھینک دیا گیا ہے یا کہیں اور، امید ہے نیب خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی بھی تحقیقات کرے گی جسے رکشہ کی طرح استعمال کیا گیا۔


ای پیپر