نواز شریف پرعزم دکھائی دے رہے ہیں : شہباز شریف
02 اگست 2018 (18:00) 2018-08-02

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کریں گے۔

ایک انٹرویو میں شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف سے جیل میں ملاقات کے دوران انہیں الیکشن کے بارے میں مکمل آگاہ کیا، وہ پر عزم دکھائی دیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کریں گے اور احتجاج سے متعلق نواز شریف کو بھی آگاہ کردیا ہے، ابھی ہم نے آواز نہ اٹھائی تو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ان کا کہنا تھاکہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا کریڈٹ نوازشریف سے کوئی نہیں چھین سکتا۔

آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں لائحہ عمل پر غور ہوگادوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سڑکوں پر احتجاج کرنے کی بجائے اسمبلی میں احتجاج کی حامی ہے اور اے پی سی میں لائحہ عمل پیش کرے گی کہ ملک اس صورتحال میں ہے اس میں سڑکوں پر احتجاج نہیں کرنا چاہیے۔


ای پیپر