Image Source : rt.com

بھارت کا پاکستان پر ایک اور حملہ پاک فوج کا منہ توڑ جواب ، متعدد بھارتی فوجی جہنم واصل
02 اپریل 2019 (22:46) 2019-04-02

راولپنڈی : بھارت کا جنگی جنون ختم نہ ہوا ، لائن آف کنٹرول پرایک مرتبہ پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے تاہم پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا جس کے نتیجے میں سات بھارتی فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد بھارتی چوکیاں تباہ کر دی گئیں.

بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 3فوجی جوان ، ایک شہری شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا، شہد اءکو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیاگیا ۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بھارت کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ تاہم پاک فوج نے اس کا بھرپور اور موثر جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کی صبح پھر بھارتی افواج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولا کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی سے سات بھارتی فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے تاہم بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے باعث پاک فوج کے تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں صوبیدار محمد ریاض، حوالدارعزیز اللہ اور سپاہی شاہد منصب شامل ہیں۔ بھارتی افواج کی فائرنگ سے ایک فوجی جوان زخمی بھی ہوا ہے۔پاک فوج کی جانب سے بلا اشتعال کی جانے والی فائرنگ کا بھرپور اور موثر جواب دیا گیا ہے جس کے بعد بھارت کی جانب سے بھی ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ سے کل3پاکستانی جوان شہید ہوئے جنہیں مکمل فوجی اعزازکےساتھ سپردخاک کردیاگیا۔

انہوں نے بتایا کہ آج بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹرمیں شہری آبادی پرگولہ باری کی جس سے سے 18سالہ نوجوان شہید اور3خواتین زخمی ہوگئےں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فائرنگ سے زخمی خواتین کواسپتال منتقل کردیاگیا۔دفاعی تجزیہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ حارث نواز نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ بھارت بوکھلایا ہوا ہے ۔ انہوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ بھارت باربار جارحیت کا مظاہرہ کرتاہے ۔ انہوں نے ہمارے تین جوانوں کو شہید کیا ہے ۔ ہماری فوج بھارتی بنکرز کو نشانہ بناتی ہے جبکہ پاکستان کی فوج معصوم نہتے شہریوں کو نشانہ نہیں بناتی ۔

دونوں طرف ہمارے کشمیری بھائی رہائش پذیر ہیں ۔یادر ہے گزشتہ روز بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول(ایل او سی )پر کوٹلی کے علاقوں میں بھاری گولہ باری و فائرنگ کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری شہید ہوگیا تھا۔مقامی ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارتی افواج کی جانب سے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق راولا کوٹ کے علاقے درہ شیر خان اور حویلی کے علاقے نیزہ پیر سیکٹر میں بھی فائرنگ کی گئی۔


ای پیپر