فوٹو بشکریہ فیس بک

آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع ملا: مکی آرتھر
02 اپریل 2019 (13:36) 2019-04-02

لاہور: پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں وائٹ واش کو مایوس کن قرار دیدیا، کہتے ہیں فٹنس پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے بہترین فٹنس اور کارکردگی کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق سیریز میں نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچنے کا موقع ملا، کوچ نے عابد علی کی پرفارمنس کو متاثر کن قرار دیا، تاہم انکی فٹنس کو مزید بہتر بنانے کا بھی کہا۔ ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دورے میں پانچ سنچریاں بنیں، نوجوان فاسٹ بولر ملا۔ پاکستانی ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت خوش آئند ہے۔ ٹیم کے سینئر کھلاڑی فٹ اور ورلڈ کپ کیلئے تیار ہیں، ورلڈ کپ سے قبل 11 میچ ملیں گے، انگلینڈ میں بھرپور تیاری کریں گے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ انضمام الحق بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی منتخب کرتے ہیں۔ کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے ساتھ ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔ عمر اکمل باصلاحیت کھلاڑی ہیں، اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ محمد عامر بہترین باؤلر ہیں اور بڑے میچز میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔


ای پیپر