عوامی پیسوں سے مکمل ہونے والے منصوبوں پر تشہیری تختیاں لگانے پر پابندی عائد
02 اپریل 2018 (16:03) 2018-04-02

لاہور:آئندہ عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن عوامی پیسے سے مکمل ہونے والے منصوبوں پر عوامی نمائندوں کی تشہیری تختیاں لگانے پر پابندی عائد کر دی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق کسی بھی سکول، ہسپتال، سڑک، ٹیوب ویل یا کوئی بھی ترقیاتی اسکیم پر سیاستدانوں کے نام سے سجی تختیاں نہیں لگیں گیں۔حکم نامے میں کہا گیا کہ وفاقی و صوبائی وزرا، رکن قومی و صوبائی اسمبلی یا پارٹی لیڈر کے نام کی تختی نہیں لگائی جاسکتی۔

حکم نامے میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل( 3)218 کے تحت پابندی لگائی ہے تاکہ آئندہ عام انتخابات پر اس کے اثرات مرتب نہ ہوں۔الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ یکم مارچ 2018 سے اب تک جن بھی اسکیموں پر سیاستدانوں کی تختیاں لگ چکی ہیں وہ فوری طور پر ہٹائی جائیں اور مستقبل میں بھی نہ لگنے دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی عوامی ترقیاتی منصوبے کی تشہیر یا افتتاح کی تشہیر عوامی رقم کے ذریعے کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

انہوں نے سیاستدانوں کو خبردار کیا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کی خلاف ورزی کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکم نامے کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو ارسال کیے۔حکم نامے میں الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے چیف سیکرٹریز کو رپورٹ بھی جلد بھجوانے کی ہدایت کی گئی۔


ای پیپر