file photo

نواز شریف وطن واپس آنے کیلئے بہت بے چین ہیں: مریم نواز
01 ستمبر 2020 (11:55) 2020-09-01

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئیں۔ مریم نواز قافلے کی شکل میں اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں لیگی کارکنان اور پولیس کے درمیان دھکم پیل، پولیس نے لیگی رہنما احسن اقبال کو عدالت جانے سے روک دیا۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان کی نواز شریف اور مریم نواز کے حق میں نعرے بازی۔

شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنسز پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت آج ہوگی جس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے آج عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے اپیلیں کر رکھی ہیں۔

مریم نواز مری سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے روانہ ہوئیں جہاں بارہ کہو پہنچنے پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔

مریم نواز کی گاڑی ان کے شوہر محمد صفدر چلارہے تھے جب کہ گاڑی میں پرویز رشید بھی موجود تھے۔

لیگی رہنما کا قافلہ اٹھال چوک بارہ کہو پہنچا تو کارکنان کے نعروں کا جواب دینے کے لیے مریم نواز خود گاڑی سے باہر آگئیں اور ہاتھ ہلاکر کارکنان کے نعروں کا جواب دیا۔

بارہ کہو سے مریم نواز کا قافلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے روانہ ہوگیا اس دوران کارکنان نے ان کی گاڑی کو گھیرے میں لیے رکھا۔

عدالت پہنچنے پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ مکافات عمل تو شروع ہونا ہی تھا کیونکہ ہر چیز کی اپنی ٹائمنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تو سوچا تھا کہ حکومت اتنا نیچے آنے میں 5 سال لے گی لیکن حکومت نے اپنا جو نقصان پانچ سال میں کرنا تھا وہ 2 سال میں ہی کر بیٹھی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف کی ہدایت پر عمل کریں گے، ان کا لندن میں علاج چل رہا ہے، وہ وطن واپس آنے کے لیے بہت بے چین ہیں لیکن میری نواز شریف سے گزارش ہو گی کہ جب تک علاج نہیں ہو جاتا واپس نہ آئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اب اپنی اپنی نہیں سوچنی چاہیے بلکہ پاکستان کی سوچنی چاہیے۔


ای پیپر